بھٹکل:18/مارچ (ایس او نیوز)بھٹکل کی چوطرفہ ترقی کےلئے رکن اسمبلی منکال وئیدیا رات دن کوشش کررہے ہیں، لیکن حزبِ مخالف پارٹیوں کے لیڈران بغیر کسی وجہ کے الزام تراشی کرتے ہوئے عوام کو غلط رخ پر لے جانے کی کوشش کررہے ہیں، آئندہ ودھان سبھا انتخابات میں مخالف پارٹیوں کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہوگی، اس بات کا دعویٰ بھٹکل بلاک کانگریس صدر وٹھل نائک نے کیا۔
سنیچر کی شام تعلقہ کانگریس دفتر میں پریس کانفرنس کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھٹکل کی ترقی اور امداد کی فراہمی کو دیکھ کر پاس پڑوس کے تعلقہ جات اور اضلاع والے بات کررہے ہیں، لیکن یہاں کے مخالفین حسد کی وجہ سے رکن اسمبلی پر بے وجہ الزامات لگارہے ہیں۔ انہوں نے الزام تراشی کرنے والوں پرپلٹ وار کرتے ہوئے چیلنج کیاکہ جو کوئی الزام لگارہے ہیں وہ ثبوت کے ساتھ عوام کے سامنے آئیں۔ کچھ لوگ یہاں ترقیاتی کام بہت ہی خستہ ہونے کا الزام لگا رہے ہیں، خستہ اور خراب کام کن کے دور میں ہوا ہے سب کو پتہ ہے، 40کروڑ روپیوں سے زائد لاگت سے بھٹکل کے ڈرنیج سسٹم کا کام کس کے دور میں ہوا؟ جو ابھی تک خستہ حالت میں باقی ہے اس کے نتائج یہاں کے عوام ابھی تک بھگت رہے ہیں۔ اسی طرح ریت سپلائی اور قلت کے مسئلہ کو لے کر رکن اسمبلی مزدوروں کے ساتھ مل کر کیا کیا کوشش کررہے ہیں مزدور طبقہ اچھی طرح جانتاہے انہوں نے اس بات کی اُمید دی کہ ریاستی حکومت کی طرف سے لگاتار دباؤ بنانے کے بعد مرکزی حکومت نے کمیٹی کی تشکیل کی ہے جس کے نتیجے میںریت کا مسئلہ بہت جلد حل ہوگا ۔
مرڈیشور کے باکڑا دکانداروں کے مسئلہ کو لے کر جے ڈی ایس کے الزام پر پوچھے گئے سوال کاجواب دیتے ہوئے وٹھل نائک نےکہا کہ باکڑا دکانداروں کا مسئلہ حل کرنے کے سلسلے میں رکن اسمبلی کی قیادت میں کئی میٹنگیں منعقد ہوچکی ہیں، ڈپٹی کمشنر سے بات چیت ہوئی ہے، مسئلہ حل کے قریب ہے، وہاں کیا مسئلہ ہے اس تعلق سے جے ڈی ایس کے صدرعنایت اللہ شاہ بندری کو کچھ بھی معلوم نہیں ہے، اتنے سال خاموش رہنےکے بعد غالباًانتخابات کے پیش نظر انہوں نے بیان بازی شروع کرنے کی بات کہتے ہوئے مذاق اڑایا۔ اس موقع پر ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر، بھٹکل بلدیہ صدر محمد صادق مٹا، جالی پنچایت صدر عبدالرحیم، ہیسکام بورڈ دائرکٹر منجوناتھ نائک، ضلع پنچایت ممبر سندھو بھاسکرنائک، دیوی داس آچاریہ ، عبدالمجید ، گنیش موگیر وغیرہ موجود تھے۔